اسلام آباد، چیئرپرسن بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ای۔کچہری سیشن کا انعقاد کیا۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کےآفیشل فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے مستحق افراد سے براہ راست بات چیت کی اور انکے مسائل سنے۔ ایک گھنٹے کے لائیوسیشن کے دوران ملک بھر سے 34 افراد نے کالز کیں۔ ای۔کچہری سیشن میں کالرز نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنے اندراج، اہلیت ،بینظیر کفالت، تعلیمی وظائف و نشوونما پروگرام میں اپنے وظائف کی حصولی سے متعلق سوالات کئے جن کے جوابات انہیں لائیو سیشن کے دوران ہی دیئےگئے اور کچھ مسائل کو موقع پر حل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔چیئرپرسن روبینہ خالد نے کالز کرنے والوں کو آگاہ کیا کہ اگر کسی وجہ کوئی مستحق خاتون وقت پر اپنے وظیفے کی رقم نہیں نکلواسکی تو یہ رقم اس کی آئندہ قسط میں جمع ہوجاتی ہے جو اسے اکھٹی رقم کی صورت میں مل جاتی ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اس مرتبہ مستحق خواتین کوباعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم کیلئے نئے بینکنگ ماڈل کے تحت ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔