قائد اعظم کی76 ویں برسی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے

اسلام آباد(اُمت نیوز)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جںاح کی آج 76ویں برسی ملک بھرمیں انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جا رہی ہے ۔

اپنی ولولہ انگیز اور ہمہ جہت شخصیت سے تحریک پاکستان کو منزل مقصود تک پہنچانے والے عظیم رہنما دنیائے سیاست میں قائد اعظم کا لقب پانے والے محترم محمدعلی جناح کوقوم سے جدا ہوئے 76 برس بیت چکے ہیں،قیامِ پاکستان کے صرف ایک سال بعد ہی یعنی 11 ستمبر 1948 کو خالق حقیقی سے ملنے والے پاکستان کے بانی و پہلے گورنر جنرل کی برسی پر مساجد و گھروں میں فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے ۔

آج کا دن اس عظیم لیڈر کی یاد دلاتا ہے جس نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو ایک ایسی ریاست کا تحفہ دیا جہاں نہ صرف مسلمان اپنے عقائد و نظریات کے مطابق زندگی گزارتے ہیں بلکہ غیر مسلم بھی اس ریاست خدادا پاکستان میں اپنے اپنے عقائد کے مطابق بغیر کسی رکاوٹ اور مذہبی امتیاز کے زندگی بسر کرتے ہیں،برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد میں محمدعلی جناحؒ کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرنے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی پروگراموں اور قومی و علاقائی اخبارات میں خصوصی اشاعتوں کا اہتمام کیا گیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح کی پیدائش 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں ہوئی،قائد اعظم شعبہ کے اعتبار سے نامور وکیل اور سیاستدان تھے، انہوں نے 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کےلئے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد شروع کردی، وہ قیام پاکستان کے ایک سال بعد 11 ستمبر 1948ءمیں انتقال کر گئے تھے.