مریم نواز کا عید میلادالنبیﷺ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

لاہور(اُمت نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت امن وامان سےمتعلق امور کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس ہوا،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے پولیس افسران کو علماء کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز کی وزیر اعلیٰ نے منظوری دیدی۔ اس موقع پر سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت جبکہ پولیس اہلکاروں کواے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں ،جیکٹیں فوری دینے کا حکم بھی دیا گیا۔ اجلاس میں بارڈر سیکورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے اور بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدیدٹریننگ کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ،ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنے اورآن ڈیوٹی اہلکاروں کے سوشل میڈیا ،کیمرے کے استعمال پر سخت پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے،عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا،جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔پولیس جرم سرزد ہونے کا انتظار کئے بغیر پیشگی ایکشن کی اہلیت پیدا کرے،پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں سینئر صوبائی منسٹر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،بریگیڈئر (ر) بابر علاؤالدین، چیف سیکرٹری،ہوم سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔