قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے،محسن نقوی

لاہور(اُمت نیوز)قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی 76 ویں برسی پر اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انتھک جدوجہد، غیر متزلزل عزم، بلند حوصلہ اور ایمانداری قائد اعظم کی شخصیت کو ممتاز کرتے ہیں، قائد اعظم کی جرات مندانہ قیادت کے بغیر آزاد وطن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا یہ احسان تاقیامت نہیں اتار سکتے کہ آج ہم بحیثیت قوم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں، آج قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی جتنی ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد کے پاکستان میں کسی کو لسانی، طبقاتی اور گروہی بنیادوں پر فوقیت حاصل نہیں، قائد اعظم کے پاکستان میں اقلیتوں سمیت ہر ایک کو یکساں حقوق حاصل ہیں، بدقسمتی سے قائد اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل نہ کر کے ہم اقوام عالم میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں یہ عزم کرنا چاہیے کہ قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق ترقی اور استحکام کیلئے ذمہ داریاں پوری کریں گے۔