اسلام آباد (پ ر)اسلام آباد میں پہلی اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈیجیٹل پارکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے. ڈیجیٹل پارکنگ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے. ابتدائی طور پر مرکز G-8 میں ڈیجیٹل پارکنگ کی سافٹ لانچنگ کی گئی ہے. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جمعہ کے روز ڈیجیٹل پارکنگ کا دورہ کیا. اس موقع پر سی ڈی اے کے بورڈ ممبران اور متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران انکے ہمراہ تھے. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر ڈیجیٹل پارکنگ میں مفت گاڑیاں پارک کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد عوام الناس میں ڈیجیٹل پارکنگ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے.بریفننگ دیتے ہوئے انہیں مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پارکنگ میں گاڑی میں بیٹھے ہوئے پارکنگ ٹکٹ حاصل کی جاسکتی ہے. ڈیجیٹل پارکنگ میں گاڑی پارک کرنے کی ادائیگی بھی ڈیجیٹل پیمنٹ کے زریعے سے کی جاسکے گی. ڈیجیٹل پیمنٹ میں کریڈٹ کارڈ، ڈیبیٹ کارڈ، کیو آر کوڈ، سکریچ کارڈ سمیت سات آپشنز شامل ہیں۔ چئیر مین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں مرکز ایف سیون اور سینٹورس، بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں ڈیجیٹل پارکنگ کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعدڈیجیٹل پارکنگ کو شہر کے مختلف کاروباری مراکز میں بھی لانچ کیا جائے گا. انہیں مزید بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے ٹیکنالوجی ونگ نے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے ڈیجیٹل پارکننگ کا نظام متعارف کروایا ہے.چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈیجیٹل پارکنگ سے حاصل ہونے والا ریونیو اسی مارکیٹ کی اپ لفٹ پر استعمال کیا جائے گا. انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پارکنگ سے کاروبار اور معشیت میں بہتری آئے گی۔####