ایکس اکاؤنٹ پوسٹ پر عمران خان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج

اسلام آباد(اُمت نیوز)سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے متنازعہ پوسٹ شیئر کرنے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارہ( ایف آئی اے ) نے کارروائی کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے، بانی پی ٹی آئی پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا،اس سلسلے میں سائبر کرائم کی 4رکنی ٹیم آج شام 7 بج کر 45 منٹ پر اڈیالہ جیل پوچھ گچھ کے لیے پہنچی اور ڈپٹی سپریڈینڈنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ( ایف آئی اے ) اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے سوشل میڈیا پر متنازعہ پوسٹ کے حوالے سے پوچھ گچھ کیلئے گئی تاہم سابق وزیر اعظم نے وکلا سے مشاورت کا بہانہ بنا کر تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔