بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(اُمت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کیلئے حکومت ترجیحی اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔

وزیراعظم ہاؤس میں وزیرِاعظم کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے ایک جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کی،اجلاس کو ملک میں ای وہیکلز کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2022 سے اب تک مقامی سطح پر 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لئے 49 لائسنس جاری کئے جا چکے ہیں جن میں سے 25 کارخانوں میں ان گاڑیوں کو بنانے کا آغاز ہو چکا ہے۔

اِجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 4 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے پہلا لائسنس ستمبر 2024 میں جاری کیا گیا ہے، مقامی سطح پر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار اس سال دسمبر تک مارکیٹ میں آ جائے گی،اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں اس وقت 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 45 ہزار ہے جب کہ چار پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 2600 ہے۔