اسلام آباد(اُمت نیوز)جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کیا ہیں؟ یہ نہ اپوزیشن کو پتہ ہے، نہ اتحادی جماعتوں کو۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ وہ قانون سازی ہونی چاہیے جو ملک اور عوام کے مفاد میں ہو۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ ارکان سے بھی آئینی ترامیم کو چھپایا جا رہا ہے، اگر یہ آئینی ترامیم ملکی مفاد میں کی جا رہی ہیں تو انہیں چھپایا کیوں جا رہا ہے؟ یہ ترامیم عدلیہ کی آزادی کے لیے ہیں یا اس کو کنٹرول کرنے کے لیے؟
حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت مسودہ شیئر کرے تو اس پر ہم اپنا آؤٹ پٹ دیں گے، آپ یہ بتائیں کہ آپ کو کس نے مجبور کیا ہے؟ آپ کو جلدی کیا ہے؟
جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ ججز کی مدتِ ملازمت بڑھانے کے معاملے کی مخالفت کر رہے ہیں، حکومت کے ساتھ نہیں، حکومت ترامیم کا مسودہ دکھائے اور حکومت کو ہمیں منانا ہو گا کہ وجوہات کیا ہیں؟
ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر آپ عدلیہ میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں، جب مجھے پتہ ہی نہیں ہے کہ مسودے میں ہے کیا؟ تو میں کیا بات کروں؟
حافظ حمداللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ جلد بازی، مجبوری اور خفیہ طریقے پر آپ یہ ترامیم کیوں لا رہے ہیں؟ کیا ہم کوئی بھیڑ بکری ہیں؟