پی ٹی آئی آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ نہیں دے گی،ولید اقبال

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ولید اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ نہیں دے گی، یہ ترامیم پورے نظام پر حملہ ہے۔

نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی ابہام نہیں کہ حکومت اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے ترامیم تجویز کر رہی ہے، حیرت ہے کہ پیپلز پارٹی ترامیم پر ن لیگ کے ساتھ کھڑی ہے۔

ولید اقبال کا کہنا ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم عوام کے لیے نہیں ہے، اس سے مہنگائی میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ یہ آئینی ترامیم ہم نے اب تک نہیں دیکھیں، وفاقی کابینہ ارکان نے بھی مسودہ نہیں دیکھا، یہ آئینی ترمیم عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے.

ان کا مزید کہنا ہے کہ حافظ حمداللّٰہ کی بات کی تائید کرتا ہوں، آئینی ترمیم سنجیدہ معاملہ ہے، اس پر بحث کرائی جائے۔

ولید اقبال نے یہ بھی کہا کہ ترامیم کو ملتوی نہ کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ ترامیم مخصوص شخصیت کے لیے ہیں۔