اسلام آباد(اُمت نیوز)رحمت اللعالمین،خاتم النبیین،نبی کریم حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے،شہر، شہر، گلی، گلی چراغاں،مساجد، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار کے ساتھ ساتھ میلادالنبی کے جلوسوں کابھی انعقادکیاجارہاہے، ہر سو رنگ و نور کی بہارہے۔
جشنِ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر درود و سلام کی محفلیں سجاکرآقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے،اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا جارہاہے۔
آج عید میلادالنبی ﷺ پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔
کراچی اورلاہور میں جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کرایا جارہاہے تو کہیں مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ہیں ،عاشقان رسول محافل میلاد کا انعقاد اورریلیاں نکال رہےہیں۔
عیدمیلادالنبیﷺ کی تقاریب میں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جا رہی ہیں، رحمت اللعالمینﷺ کو گلہائے عقیت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل کا انعقادبھی کیاجارہاہے،مختلف شہروں میں عیدمیلاالنبی کی خوشی میں کیک بھی کاٹے جارہے ہیں۔