اسلام آباد(اُمت نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم کو 12 ربیع الاوّل کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محمدؐ کی سیرتِ طیبہ ہمیں ہر شعبۂ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے، موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اس ماہ مبارک میں ہمیں اپنے محبوب کی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطا فرمائی، یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق رسول کی شمع روشن کرتا ہے، یہ دن ہمیں اس پیغام کی یاد دلاتا ہے جو ظلمت کو مٹا کر مینار نور بنا۔
صدر زرداری نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے رسول اللّٰہ کی زندگی کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا، رسول اللّٰہ نےعدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا جہاں ہر فرد عزت و وقار کے ساتھ رہ سکتا تھا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ آج ہمیں اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے تاکہ ہم موجودہ دور میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرسکیں، رسول اللّٰہ کا فرمان ہے کہ بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہنچائے، اس مبارک موقع پر ہمیں نبی اکرمؐ کے انسانیت سے محبت اور ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نبی کریمؐ نے ہمیشہ دوسروں کی مدد اور نصرت کا درس دیا، نبی کریمؐ کی زندگی ہر لمحے انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہے، نبی کریمؐ نے ہمیں یہ سکھایا کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا اور مظلوم کی مدد کرنا ایمان کا حصہ ہے، آج دنیا تقسیم اور ظلم و زیادتی کا شکار ہے، ہمیں نبی اکرمؐ کے پیغام کو پھیلانا ہے جو محبت، رواداری اور انسانی حقوق کا ضامن ہے۔
صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ نبی کریمؐ نے ہر انسان، چاہے وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم کے ساتھ احترام اور عزت کا سلوک کیا،ہمیں بھی اسی جذبے کے تحت دنیا بھر میں بھائی چارے، عدل اور محبت کو فروغ دینا ہے۔