اسلام آباد(اُمت نیوز)عید میلادالنبی ﷺ پر نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
دن کے آغاز پر ہی مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، ہادی عالم، نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن آج ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
شہر، شہر، گلی، گلی چراغاں کیا گیا ہے، مساجد، بلند عمارتوں، بازاروں اور چوراہوں پر سبز پرچموں کی بہار ہے۔
درود و سلام کی محفلیں سجائی جارہی ہیں اور آقائے دو جہاں سے محبت کا بھرپور طریقے سے اظہار کیا جارہا پے ملک بھر میں جلوس برآمد کیے جائیں گے۔
دوسری جانب عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر صدر، وزیراعظم نے امت مسلمہ کے نام خصوصی پیغامات بھی جاری کیے ہیں۔