اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم پر حکومت کا مسودہ مکمل طور پر مسترد کردیا ہے، اب تو یہ بھی کہہ رہے ہیں یہ ہمارا مسودہ نہیں تھا، جو مسودہ پہلے فراہم کیا گیا تھا وہ کیا کھیل تھا؟
رہنما پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اسد قیصر کی رہائش گاہ پہنچنے پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسد قیصر کے پاس اس لیے آیا ہوں کہ انہوں نے میرے بہت کھانے کھائے ہیں کھانا کھانے آئے تھے کھا کر جارہے ہیں۔
دریں اثنا انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اڈیالہ جیل میں مبینہ گفتگو پر جواب دینے سے گریز کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صدر عارف علوی اور رؤف حسن نے بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔ اسد قیصر نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں ظہرانے کی دعوت دی تھی۔