کراچی: اورنگی ٹاؤن توری بنگش کالونی میں غیرت کے نام سے پر فائرنگ کا واقعہ ۔ بھائی نے فائرنگ کرکے بہن،بہنوئی کو قتل اوران کے ایک رشتہ دار کو زخمی کردیا۔
اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر2 توری بنگش کالونی گلی نمبر2 میں فائرنگ کے واقعے میں خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گیے جنہیں چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ خاتون اور ایک مرد راستے میں ہی دم توڑگئے۔
جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 20 سالہ طاہرہ زوجہ محمد نجم اور23 سالہ محمد نجم ولد محمد جاوید اورزخمی کی 50 سالہ زبیرولد عبدالواحد کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او اقبال مارکیٹ اسلم خان نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا ہے ،ملزم مبشرحسین ولد حیات حسین نے بہن طاہرہ اور بہنوئی نجم خان پر فائرنگ کی فائرنگ سے بہن طاہرہ اوراس کا شوہرنجم جاں بحق اورمقتول محمد نجم کا بہنوئی 50 سالہ زبیر زخمی ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول طاہرہ اورمحمد نجم نے ڈیڑھ ماہ قبل پسند سے کورٹ میرج کی تھی ، ملزم مبشر نے منگھوپیر خیر آباد میں رہائش پذیراپنی بہن طاہرہ اوراس کے شوہر محمد نجم کوجرگے کے لیے توری بنگش کالونی میں اپنے گھر بلوایا تھا۔
مقتولہ طاہرہ اس کا شوہر محمد نجم اور نجم کا بہنوئی زبیر جرگے کے لیے توری بنگش کالونی پہنچے تو ملزم مبشر نے تینوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم کی بہن اوربہنوئی جاں بحق اورزبیر نامی شخص زخمی ہوگیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزم مبشرنے خود اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا،پولیس نے گرفتارملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔