جن امیدواروں نے انتخابات میں پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا انہیں آزاد ڈکلیئر کیا جائے، فائل فوٹو
جن امیدواروں نے انتخابات میں پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا انہیں آزاد ڈکلیئر کیا جائے، فائل فوٹو

لیگی اراکین اسمبلی کا مخصوص نشستوں کیلیے الیکشن کمیشن سے رجوع

اسلام آباد:ن لیگی ارکان اسمبلی نے مخصوص نشستوں کے حصول کیلیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔

لیگی اراکین اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کردی ہے، پارلیمنٹ نے ترامیم کا اطلاق ماضی سے مؤثر قرار دیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ ترامیم کے مطابق ایک مرتبہ وابستگی کا جمع کرایا گیا سرٹیفکیٹ تبدیل نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ کے مطابق فہرست جمع نہ کرانے والی جماعت مخصوص نشستوں کی اہل نہیں۔

ن لیگی اراکین اسمبلی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ قرار دیا جائے جس سیاسی جماعت نے مخصوص سیٹوں کی فہرست نہیں دی وہ مخصوص سیٹوں کی اہل نہیں، جن امیدواروں نے انتخابات میں پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا انہیں آزاد ڈکلیئر کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ قرار دیا جائے کہ جن آزاد ارکان نے کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی وہ دوبارہ پارٹی تبدیل نہیں کر سکتے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کاچیف الیکشن کمشنرکے نام خط

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام خط لکھا ہے، جس میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری قائم رہتے ہوئے مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے۔

خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ آزاد اراکین کسی اور پارٹی میں شمولیت کی، وہ آزاد اراکین جو ایک سیاسی جماعت کا حصہ بن گئے انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایکٹ جن آزاد اراکین نے پارٹی سرٹیفکیٹ جمع نہیں کرایا وہ آزاد تصور ہوں گے، ایکٹ پرعملدرآمد کیے بغیرالیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں کرسکتا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ماضی کے ایکٹ کے تحت تھا جس کا اطلاق نہیں ہوتا، پارلیمنٹ کے منظور کردہ ایکٹ صدر کی مںظوری کے بعد قانون بن گیا ہے، پارلیمانی نظام کی سالمیت اور آزادی کو برقرار رکھنا ضروری ہے، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ اور جمہوری اصولوں کی پاسداری یقینی بنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔