فائل فوٹو
فائل فوٹو

الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کا معاملہ، کمیشن کی اپیل سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد:پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز کی تشکیل کے معاملے پر سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی اپیل سماعت کیلیے مقرر کردی گئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ 24 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین،جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عقیل عباسی بنچ میں شامل ہیں جبکہ جسٹس نعیم اختر افغان بھی پانچ رکنی لارجر بینچ کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی مشاورت تک پنجاب میں الیکشن ٹریبونلز سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کی تھی۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 8 الیکشن ٹریبونلز تشکیل دینے کا فیصلہ دیا تھا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر قائم مقام چیف جسٹس شہزاد ملک نے 8 ٹریبونلز کی تشکیل کے احکامات جاری کیے تھے۔

الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ قانون کے خلاف ہے، الیکشن ٹربیونلز کی تشکیل الیکشن کمیشن کا اختیار ہے لہٰذا ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے اختیارات استعمال نہیں کرسکتی۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی،الیکشن کمیشن کی اپیل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد لاہورہائی کورٹ کے حکم پر 12جون کو پنجاب میں بننے والے تمام الیکشن ٹربیونلز معطل ہو گئے تھے۔