لاہور کے قصور روڈ پر واقع نواحی علاقے کاہنہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ڈی جے نے ساونڈ سسٹم بند کر دیا، جبکہ جلسہ گاہ کی لائٹیں بھی بند کردی گئیں۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ این او سی کے مطابق جلسے کا وقت سہہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک تھا۔
کاہنہ منڈی کے قریب ضلعی انتظامیہ کی متعین کردہ جلسہ گاہ میں مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکار جلسہ گاہ میں اسٹیج پر پہنچے، پولیس نے جلسہ گاہ میں مرکزی اسٹیج خالی کروالیا، مائیک اور لائٹس بھی بند کروا دیں، جس کے بعد پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اسٹیج سے اترگئے اور شرکا نے بھی واپسی کی راہ لی، علی امین گنڈاپور جلسے میں نہیں پہنچ سکے۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت کئی اہم رہنماؤں نے جلسے سے خطاب کیا تھا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور موٹر وے کے راستے لاہور پہنچے مگر وہ جلسے میں شریک نہیں ہوسکے۔
ہمیں آزاد عدلیہ کے سوا کچھ قبول نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ اتنے بڑے جلسے کے انعقاد پر پی ٹی آئی لاہور کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہمیں آزاد عدلیہ کے سوا کچھ قبول نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ راستے کھول دیں اور مزید رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔لاہور میں داخلے کا کوئی راستہ بند نہیں ہے، خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کارکنوں کے قافلے لاہور کیلئے رواں دواں ہیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ سیف سٹی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تمام راستے کھلے ہیں۔