ژوب: بلوچستان کے علاقے ژوب میں پولیس کی گاڑی پر مسلح افراد کے حملے میں انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کے 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز دہشت گردوں نے ژوب میں انسداد دہشت گردی فورس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کا واقعہ ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر پیش آیا تھا۔
فائرنگ کے نتیجے میں اے ٹی ایف کا ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے، فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ژوب اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے، پولیس کے مطابق واقعے کی رپورٹ درج کر کے شرپسند عناصر کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد کے حملے میں زخمی 2 اے ٹی ایف اہلکار دم توڑ گئے، جس کے بعد حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 3 ہو گئی جبکہ ایک زخمی اہلکاراسپتال میں زیرعلاج ہے۔
شہید اہلکاروں میں سے 2 کی شناخت امیر محمد منگل زئی شیرانی اور شفیق اللہ کے ناموں سے ہوئی۔