فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملیر شمسی سوسائٹی میں بیوی اور 3 بیٹیوں کو قتل کرنے والا ملزم بری

کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں بیوی اور تین بیٹیوں کو قتل کرنے والے شوہر کو فریقین کے درمیان صلح نامہ کے باعث عدالت نے بری کردیا۔

نومبر 2022 میں کراچی کے علاقے ملیر شمسی سوسائٹی میں گھر سے ایک ہی خاندان کی تین بچیوں اور ان کی والدہ کی لاشیں ملی تھیں جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا، جبکہ ایک مرد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس نے اپنے گلے پر چھری پھیری تھی۔

پولیس کو دئے گئے بیان کے مطابق فواد نامی شخص مالی مشکلات کا شکار تھا اور قرضے میں ڈوبا ہوا تھا، اس لئے اس نے یہ انتہائی اقدام اٹھایا تھا۔

فواد نے زخمی حالت میں پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا، جس میں اس نے واقعے کی تفصیلات بتائی تھیں۔پولیس نے مقدمے درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

اور اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے ملزم کو فریقین کے درمیان صلح کے باعث رہا کردیا ہے۔

مقتولین کے ورثا کی جانب سے عدالت میں صلح نامہ جمع کروایا گیا، جس پر عدالت نے ملزم فواد کو مقدمہ سے بری کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

ورثا نے ملزم سے دیت لینے سے بھی منع کردیا، ورثا میں مقتولہ سائرہ کی ماں، بہن ثروت، ملزم کی والدہ رخسانہ و دیگر شامل ہیں۔