راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ان کی تیاریوں اور بلند حوصلے کی تعریف کی تاکہ دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دشمن قوتوں اور ان کے سہولت کاروں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ آرمی چیف نے ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج خیبر پختونخوا پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تکنیکی مدد اور مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔
انہوں ںے خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے لوث حمایت اور پاکستان آرمی کے ساتھ تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
وانا پہنچنے پر آرمی چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھا کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔