پاکستان کیلئے آج 7 ارب ڈالرز قرض کی منظوری کا امکان

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہو گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالرز قرض کی منظوری کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر چکا ہے۔

اس کے علاوہ دوست ممالک کی جانب سے قرض رول اوور کی یقین دہانیاں بھی ہو چکی ہیں۔

گزشتہ روز لاہور میں سی پیک سیمینار سے خطاب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کل ہو گی، اُمید ہے آئی ایم ایف 7 ارب ڈالرز پروگرام کی منظوری دے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پالیسی ریٹ کم ہو رہا ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے، ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔