کراچی کے علاقے کورنگی میں بلال چورنگی کے قریب فائرنگ سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے عبدالمالک اور اس کا بیٹا کاشف زخمی ہوئے تھے، اسپتال منتقلی کے دوران عبدالمالک جاں بحق ہو گیا۔
مقتول بینک سے دس لاکھ کیش رقم نکال کر لارہا تھا کہ عقب سے دو موٹرسائیکلوں پر 3 ملزمان پہنچے ملزمان نے اسلحہ نکالا اور لوٹ مار کی کوشش کی۔
مقتول نے ملزمان کو دیکھتے ہی رقم کا بیگ ہوا میں دور پھینکا جس پر ڈاکووں نے عبدالمالک کو گولیاں ماری، ایک ڈاکو نے بیگ اٹھایا تو اس میں سے آدھی رقم زمین پر گرگئی، رقم زمین پر گری اور ہوا سے اڑنے لگی تو لوگ جمع ہوگئے۔
شہری رقم لوٹنے لگے کہ گاڑی سے مقتول کا بیٹا نکلا، مقتول کے بیٹے نے موٹرسائیکل سوار ڈاکو پر گولیاں چلائی، ڈاکو کو گولیاں لگی تو وہ زمین پر گرگیا جس کے بعد موٹرسائیکل سوار ڈاکو بھاگے تو مقتول کا بیٹا پیچھے بھاگا، ملزمان نے اسے بھی گولیاں ماری جس سے وہ زمین ہر گرگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالمالک تولیہ فیکٹری میں ٹھیکیدار تھا، وہ اور اس کا بیٹا فیکٹری ملازمین کی تنخواہ کی رقم بینک سے نکلوا کر آ رہے تھے۔
ملزمان نے فیکٹری کے دروازے پر ہی باپ بیٹے کو نشانہ بنایا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے 4 خول ملے ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا ہے کہ عینی شاہد کے مطابق لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں سے کچھ رقم گر گئی تھی جسے قریبی موجود افراد نے اٹھا لیا۔