بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے، فائل فوٹو
  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود رہے، فائل فوٹو

190 ملین پاؤنڈز ریفرنس، حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں توسیع

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روکنے کے حکم میں 2 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت، نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے آج کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ ملزمان ٹرائل میں تعاون نہیں کر رہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہم نے ٹرائل نہیں روکا بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے، ٹرائل میں اگر تعاون نہیں کرتے تو پھر متعلقہ عدالت دیکھے گی، ٹرائل جاری رہے گا کا مطلب جاری رہے گا لیکن حتمی فیصلہ نہیں دیا جائے گا یہ ہم نے سادہ سی انگریزی میں کہا ہے، ٹرائل کس مرحلے میں ہے کیا ہو رہا ہے ہم اس میں مداخلت نہیں کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ یہ تاثر نہ دیں کہ آپ تاخیر کر رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو ٹرائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔