نیویارک: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب پر پاکستانی وفد نے احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے بعد جیسے ہی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اپنے خطاب کیلیے پہنچے، پاکستانی وفد نے اپنا احتجاج عالمی فورم پر ریکارڈ کروادیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا اور فلسطین کا مقدمہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی پر مبنی جنگ اور یوکرین میں خطرناک لڑائی جاری ہے، ہم فلسطین کی مقدس سرزمین پر ایک بڑا المیہ رونما ہوتے دیکھ رہے ہیں، فلسطینی بچے زندہ دفن ہورہے ہیں، جل رہے ہیں اور دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے، صرف مذمت کرنا کافی نہیں، ہمیں اس خونریزی کو فوری روکنا ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اور اقوام متحدہ فوری طور پر فلسطین کو اقوام متحدہ کا رکن تسلیم کرے۔