آئی ایم ایف نے ٹیکس محصولات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، فائل فوٹو
آئی ایم ایف نے ٹیکس محصولات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، فائل فوٹو

آئی ایم ایف سے ایک ارب 2 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی پہلی قسط موصول

اسلام آبد: پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی پہلی قسط موصول ہو گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے پاکستان کو 7 ارب ڈالر قرض معاہدے کے تحت ایک ارب 2 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہو گئی ہے ، آئی ایم ایف کی جانب سے رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکائونٹ میں منتقل کی گئی ۔پاکستان کیلیےیہ نیا قرض پروگرام 37ماہ پر مشتمل ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی آئی ایم ایف کی جانب سے پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے اور پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ بھی ہو گیاہے ۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معاشی شرح نمو2.4فیصد تک پہنچ گئی ہے، افراط زر میں کمی کے باوجود پاکستان کو اب بھی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں مشکل کاروباری ماحول، کمزورحکمرانی اور محدود ٹیکس بیس شامل ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے 2023-24 میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت مسلسل پالیسی پر عمل درآمد کیا۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے ذریعے اقتصادی استحکام کی بحالی کے لیے اہم اقدامات کئے، مالی سال 2024میں شرح نمو 2.4فیصد تک پہنچ گئی ہے، اس کی وجہ زرعی شعبے میں سرگرمیاں ہیں۔

عالمی مالیاتی ادارے کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے جو کہ ایک ہندسے تک آگئی ہے، مناسب مالیاتی اور مانیٹری پالیسیوں کے سبب کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں رکھنے میں مدد ملی۔

آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس عمل سے زرمبادلہ کے ذخائر کو دوبارہ سے بہتر بنانے کا موقع ملا، افراط زر میں کمی اندرونی اور بیرونی حالات میں بہتری کی عکاس ہے۔