مزدور قومی شاہراہ پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں کام کر رہے تھے، فائل فوٹو
مزدور قومی شاہراہ پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں کام کر رہے تھے، فائل فوٹو

بلوچستان، ضلع موسیٰ خیل سے 20 سے زائد مزدوروں کو اغوا کر لیا گیا

کوئٹہ :بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل سے مسلح افراد نے 20 سے زائد مزدوروں کو اغواء کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مزدور قومی شاہراہ پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں کام کر رہے تھے، مسلح افراد نے پہلے کیمپ پر فائرنگ کی اور پھر مزدوروں کو اغوا کرکے لے گئے۔مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے زیر استعمال 8 بلڈوزر بھی نذر آتش کر دیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزدوروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب و بلوچستان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے پنجگورمیں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعظم نے مقتولین کی بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمی ہونے والے مزدوروں کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  پنجگور کے علاقے خدا بدن میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سے ہے جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔

صدر مملکت آصف زرداری کی شدید مذمت

صدرمملکت آصف علی زردار ی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوسناک واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔

آصف زرداری نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے 7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، مام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا، دہشت گرد بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا اور آخرت دونوں میں دیں گے، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے، بلوچستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجگور میں بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پنجگور میں معصوم مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات نفرتوں کو بڑھانےکی سازش ہیں، قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں، دہشت گردی کے بڑے واقعات دیکھے، قومی یکجہتی پر آنچ آنے نہیں دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحومین کے بلند درجات اور ان کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔