قوم کو بتاتیں ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی؟ فائل فوٹو
قوم کو بتاتیں ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی؟ فائل فوٹو

علی امین گنڈا پور ہوش کے ناخن لیں،بدمعاشی قبول نہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور ہوش کے ناخن لیں، پنجاب میں بدمعاشی اور غندہ گردی کی اجازت نہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آپ کو پنجاب میں قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، انہوں نے کاہنہ میں بھی قانون کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کی ترقی سے جلتے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو ان سے پوچھنا چاہیے کہ یہاں ترقی کیوں نہیں ہوتی، فتنہ پارٹی پاکستان کے عوام کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی، آپ نے احتجاج کرنا ہی ہے تو خیبرپختونخوا میں کیوں نہیں کرتے؟ خیبرپختونخوا میں امن و امان پر اجلاس کیوں نہیں ہوتا؟

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں یونیورسٹیوں کی تعداد کم کی جارہی ہے، وہاں اساتذہ کی 30 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، آپ کو خدمت کرنا نہیں آتی تو سیکھ لیں، پنجاب میں جو کام ہورہا ہے وہ ہوتا نظر بھی آتا ہے، خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل کو برباد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور پنجابیوں اور پختونوں کو لڑوانا چاہتے ہیں،ہم سیاسی گدھ نہیں جو لاشوں کا انتظار کریں، لوگ ان کے فتنے ،فساد کو دیکھ کر بدظن ہورہے ہیں، پنجاب کے لوگوں نے فتنہ پارٹی کو ریجیکٹ کردیا ہے، پنجاب کے عوام مریم نواز کی کارکردگی کے معترف ہیں۔