پشاور(پ ر) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے اس سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔ وہ کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف کی صدارت میں ہوا، جس میں بلوچستان میں آزادی صحافت کی تشویشناک صورت حال سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں سرکاری اشتہارات کی عدم ادائیگیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات صوبہ خیبرپختونخوا ارشد خان نے بھی شرکت کی۔ صدرسی پی این ای ارشاد عارف ، سینئر نائب صدر انور ساجدی، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق، نائب صدر سی پی این ای خیبر پختونخوا طاہر فاروق اور اراکین اسٹینڈنگ کمیٹی نے معزز مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ بیرسٹر سیف نے کہا خیبر پختونخوا حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، ہم جمہوریت، آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، جمہوریت کےلیے جاری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیا جائے۔ بیرسٹرسیف نے اعتراف کیا کہ دو سال قبل بھی سی پی این ای کے وفد سے ملاقات ہوئی تھی اس وقت بھی اشتہارات کے مسائل تھے اور مجھے افسوس ہے کہ ابھی تک ادائیگیوں کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا، ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ اس حوالے سے مسائل حل کیے جائیں۔ وزیراعلی گنڈاپور سے بھی بات کی گئی ہے اور سیکرٹری اطلاعات بھی اس سلسلے میں کوششیں کررہے ہیں۔ سیکریٹری اطلاعات ارشد خان نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی ایک بڑامسئلہ ہے اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اشتہارات اور بقایاجات کا جائزہ لے رہی ہے، مشکلات ایسے محکموں کے حوالے سے ہیں جو اب ختم ہوچکے ہیں،محکمہ اطلاعات میں الگ سے ریکوری ڈائریکٹر بنایا گیا ہے، اگر سی پی این ای کی وساطت سے متاثرہ اخبارات و جرائد اپنا کیس پیش کریں تو تیز رفتاری سے پیشرفت ممکن ہے۔اس موقع پراسٹینڈنگ کمیٹی نے صوبہ بلوچستان میں جمہوری اقدار اور آزادی صحافت کے آئینی حق کی بحالی کے مطالبہ پر مبنی ایک قرارداد منظور کی اورخیبرپختونخوا حکومت سے بھی اخبارات و جرائد کے اشتہاراتی واجبات کی فی الفور ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو،انفارمیشن سیکریٹری ضیاءتنولی، جوائنٹ سیکریٹری سندھ، منزہ سہام، جوائنٹ سیکریٹری پنجاب وقاص طارق ، جوائنٹ سیکریٹری راولپنڈی اسلام آباد رافع نیازی سمیت سینئر اراکین ڈاکٹر جبار خٹک، مقصود یوسفی،شیر محمد کھاوڑ،محمود عالم خالد،تزئین اختر، مسعود خان،سجاد عباسی، ممتاز احمد صادق، اكمل چوہان ، میاں اسلم، فضل حق،سلمان خان، بشیر احمد، عبدالسمیع منگریو،اعتراز حسین، شہزاد امین،ڈاکٹر زبیر محمود، عامر شہزاد جدون اورتصور شاہ موجود تھے جبکہ نائب صدر پنجاب بابر نظامی، انتظار حسین زنجانی و دیگر شریک تھے۔