عالمی شہرت یافتہ مبلغ اسلام اور اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے،ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطاالرحمان اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا استقبال کیا، ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ایئرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد روانہ کیا گیا۔
ڈاکٹر ذاکر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب کریں گے، اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اہم ملکی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، ایئرپورٹ پر موجود مسافروں نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیرمقدم کیا۔
آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5 سے 6 اکتوبر کو کراچی، 12 سے 13 اکتوبر لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔