ملائیشیا کے وزیراعظم کا وزیراعظم ہاؤس میں پرتپاک استقبال

اسلام آباد ( اُمت نیوز) ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔

وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ملائیشیا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔

وزیراعظم ہاؤس آمد پر داتو سری انور ابراہیم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان سے وفاقی کابینہ کا تعارف بھی کرایا، ملائیشین وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کا تعارف کرایا، معزز مہمان نے وزیراعظم آفس میں پودا بھی لگایا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر گزشتہ روز ملائیشیا کے وزیراعظم اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو سلامی دی۔

روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کو پھول پیش کئے۔