کوئٹہ: بروری روڈ کے قریب باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مغربی بائی پاس پر ہزارہ ٹاؤن سے باراتیوں سے بھری بس بلیلی جارہی تھی کہ مغربی بائی پاس پر ٹائر پھٹ جانے کے باعث بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 3 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلکس اسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے، جہاں زخمیوں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیر صحت بلوچستان بخت محمدکاکڑنے ہسپتال میں مریضوں کے عیادت کی، انہوں نے کہا جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، متاثرین کیلئے فوری اور بہتر علاج معالجے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر اظہار افسوس کیا ، انہوں نے کہا حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کاباعث ہے،تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں،انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جائے۔