اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج میں شرکت کیلیے آنے والے 412 افراد کواسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا، جن میں سے 60 کا تعلق افغانستان سے ہے۔
وفاقی پولیس نے تحریک انصاف کے جمعے کو ڈی چوک پر ہونے والے احتجاج کی تیاری میں مصروف پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق احتجاج میں شرکت کیلیے اسلام آباد آنے والے 412 افراد گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے کیلوں والے ڈنڈے، غلیل اور کنچے برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان کو بارہ کہو، ترنول، سنگجانی سے گرفتار کیا گیا۔ مظاہرین کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لئے رینجرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہدایت پر جمعہ بتاریخ 4 اکتوبر کو ڈی چوک پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے، جس کو روکنے کیلیے اتنظامیہ نے اقدامات کیے ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج سے نمٹنے اور مظاہرین کو ڈی چوک تک پہنچنے سے روکنے کے لیے سخت انتظامات کیے اور ساتھ ہی راولپنڈی میں بھی پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے، جبکہ 4 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔