لاہور:PTI کا احتجاج،مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے

لاہور(اُمت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کی آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں احتجاج کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

لاہور میں پولیس نے شہر کے خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے، جبکہ جی ٹی روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے ۔

لاہور میں موٹروے بابو صابو انٹرچینج، ٹھوکر نیاز بیگ اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے داخلی راستوں پر کنٹینرکھڑے کر دیے گئے ہیں۔

بابو صابو انٹرچینج کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ انٹر چینج سے بھی ٹریفک کو موٹروے پر داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔

راستے بند کیے جانے پر اسلام آباد اور دیگر شہروں کو جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

ریلوے اسٹیشن، مینار پاکستان گراؤنڈ اور لاری اڈا کو جانے والی سڑکوں اور دیگر مقامات پر بھی کنٹینر پہنچا دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے دستوں نے آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں تھیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پاک فوج کے دستوں نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

وزارت داخلہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کی تعیناتی کے احکامات دیے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کے دستوں کی اسلام آباد اور گردو نواح میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کا علاقے بھر میں گشت بھی شروع ہوگیا۔ کسی بھی شرپسند کو امن و امان تہہ و بالا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے باعث 5 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں فوج تعینات رہے گی۔