تحریک انتشار کچھ بھی کر لے پاکستان ترقی کرتا رہے گا،عطا تارڑ

لاہور(اُمت نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کسی کو ایس سی او کو سبوتاژ کرنےکی اجازت نہیں دی جائیگی ۔تحریک انتشار کچھ بھی کر لے پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشوں سے سفارتی تنہائی ختم ہوئی، پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسی کی معترف ہے بلکہ دنیا کے ملکوں کے سربراہان پاکستان آ رہے ہیں۔اوورسیز پاکستانی سمجھ چکے ہیں کہ پاکستان ترقی کر رہا ہے

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے واشگاف الفاظ میں پوری مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ، انہوں نے فلسطین کا مقدمہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں لڑا اور بڑے مؤثر انداز میں مقدمہ لڑا گیا

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ فلسطین کاز ہو یا کشمیر کا، وزیراعظم اس کے علمبدار بنے، اب دنیا کے ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں، ایرانی صدر کے دورے کے بعد پاک ایران تعلقات میں مضبوطی آئی۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ تعلقات دیکھیں، ان کا ایک اور وفد آرہا ہے تعاون بڑھ رہا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جب ملائیشیا کے صدر ملک میں موجود تھے، تو یہ کوشش کی گئی کہ ڈی چوک کی طرف مارچ کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی باہر سے مہمان آتا ہے وہ پاکستان کی عزت ہے، وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے آتا ہے۔