اسرائیل کا بیروت پر ایک اور بڑا حملہ، متعدد عمارتیں تباہ

بیروت (اُمت نیوز)اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ایک اور بڑا حملہ کیا ہے، داحیہ علاقے پر بمباری سے پورا دارالحکومت دھماکوں سے گونج اٹھا، آگ اور بارود فضا میں بلند ہوتا میلوں دور سے دیکھا گیا۔

ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اسرائیل کی بمباری سے کتنے افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں تاہم حملے سے کئی عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے حزب اللّٰہ کے اسلحہ ذخائر کو بھی نشانہ بنایا ہے اور لبنان کے ٹی وی المنار کا دفتر بھی تباہ کردیا ہے۔

دوسری جانب شمالی غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی سرگرمیوں سے متعلق ادارے کے دفتر پر بھی گولہ باری کی گئی ہے جس سے کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

غزہ ہی میں الزیتون اور الصابرہ محلوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے 37 افراد شہید ہوگئے۔

حزب اللّٰہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی قصبہ کریات شمونہ پر راکٹ برسا دیے، 30 سے زیادہ راکٹوں کے اس حملے سے کئی مقامات پرآگ لگ گئی۔