چیف سیکریٹری نے ریسکیو 1122 اہلکار اور گاڑیوں کی تفصیلات طلب کر لیں، فائل فوٹو
چیف سیکریٹری نے ریسکیو 1122 اہلکار اور گاڑیوں کی تفصیلات طلب کر لیں، فائل فوٹو

جلوس میں شامل خیبرپختونخوا کی ریسکیو گاڑیاں اور ڈرائیورز گرفتار

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد جلوس میں شامل ریسکیو 1122 کی گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلی گئیں تاہم اب جلسے میں استعمال ہونے والی خیبرپختونخوا ریسکیو گاڑیوں کے ڈرائیور کو حسن ابدال پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے پی ٹی آئی جلسے میں شامل ریسکیو 1122 گاڑیوں کی تفصیلات طلب کرلیں، تفصیلات سیکریٹری ریلیف سے طلب کی گئی ہے۔

سیکرٹری ریلیف کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور گاڑیوں کی تفصیلات تحریری طور پر جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ جلسے میں کتنی ریسکیو 1122 اہلکار اور گاڑیاں استعمال ہوئیں تفصیلات دی جائے۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ جلسے میں استعمال ہونے والی خیبرپختونخوا ریسکیو گاڑیوں کے ڈرائیورز کو حسن ابدال پولیس نے گرفتار کرلیا ، 1122 کی 22 گاڑیاں اور50 سے زائد اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ریسکیو نے کہا کہ ہمارے اہلکاروں اور گاڑیوں کو حسن ابدال میں گرفتار کرلیا ہے، اہلکاروں کے خلاف ایف ائی آر ایف نائن تھانہ میں درج کی گئی ہے۔

ترجمان ریسکیو ڈاکٹر ایاز کا کہنا ہے کہ گاڑیاں ایمرجنسی کے لیے پارک کی گئی تھی جو پنجاب پولیس لے کر گئے ہیں، ہم نے صوبائی حکومت کی درخواست پر ایمرجنسی سروس فراہم کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم ایسی صورت حال میں ایمبولینس اور فائر وہیکل شفٹ کرتے ہیں اور اگر کوئی ایمرجنسی پیش آئے تو پھر گاڑیاں شفٹ کرنا مشکل ہوتا ہے۔

ڈاکٹر ایاز کا مزید کہنا تھا کہ جو گاڑیاں بند کی ہیں اس میں پی ڈی اے اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے گاڑیاں بھی شامل ہیں۔