اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ذاتی کاوشیں رنگ لے آئیں، کئی سال سے سری لنکا میں قید 56 پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے چارٹرڈ طیارہ سری لنکا روانہ ہو گیا۔
وزارتِ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی قیدیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی طیارہ سری لنکا روانہ ہو گیا، سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس آئیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ قیدیوں سے متعلق 3 ماہ سے سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے میں تھی، وفاقی وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان قیدیوں کی وطن واپسی کے اخراجات برداشت کریں گے۔
وزیرِ داخلہ نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اخراجات برداشت کرنے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔