فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس کل ایوان صدر میں ہوگی

اسلام آباد:  صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مشرق وسطی کی صورتحال پر طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس کل ایوان صدر میں ہو گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی تھی اور اس موقع پر سیاسی جماعتوں کا غزہ اور فلسطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا گیا تھا، غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے وزیراعظم کی میزبانی میں آل پارٹیزکانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا۔

ملاقات میں 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے لیے یومِ یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یومِ یکجہتی فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیےکمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی تھی، جس میں نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہیں، 7 اکتوبر کو پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے اجتماعات اور سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔