بھارتی ایئر شو نے 5 افراد کی جان لے لی

بھارت کے شہر چنئی میں بھارتی فضائیہ کی 92 ویں سالگرہ منانے کے لیے منعقد ایئر شو کے دوران ہیٹ اسٹروک سے 5 افراد کی موت ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد بے ہوش ہوگئے۔ ایئر شو کا انقعاد مرینا بیچ پر کیا گیا جہاں 15 لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مرینا بیچ دنیا کے طویل ترین ساحلوں میں سے ایک ہے جہاں ایئر شو کا انقعاد کیا گیا، اور اسی دن درجہ حرارت 35 ڈگری کو چھو گیا۔

چنئی کے ٹرپلیکین علاقے کے ایک سینئر پولیس افسر آر الگو نے ٹیلی فون پر بتایا کہ ایئر شو میں شرکت کے دوران دو افراد کی موت بنیادی طور پر پانی کی کمی کی وجہ سے ہوئی۔ وہ گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے اور پھر ان کی موت ہو گئی۔

شہر کے میلا پور علاقے میں ایک اور پولیس افسر ٹی ویویکانندن نے کہا کہ ایک تیسرا شخص ”گرمی کی وجہ سے“ مر گیا ہے۔

 

تقریب میں شریک ایک سافٹ ویئر انجینئر چندراموہن نے بتایا کہ تقریب میں ”گرم اور مرطوب“ موسم کے باوجود پانی کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں تھا، اور انہوں نے کئی لوگوں کو پانی کی کمی کی وجہ سے لوگوں کو بے ہوش ہوتے دیکھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر افراد بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے، انتظامیہ نے پانی کی دستیابی اور دیگر بنیادی سہولیات پر بالکل توجہ نہیں دی۔