اسلام آباد: انسداد دہشت رگدی عدالت نے پی ٹی آئی کے 19 کارکنوں کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تھانہ ترنول کی حدود سے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے پاکستان تحریک انصاف کے 19 کارکنوں کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پی ٹی آئی کے وکیل علی بخاری اور دیگر وکلا پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت پراسیکیوٹر راجا نوید کی جانب سے گرفتار ملزمان کے 35 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے مخالفت کرتے ہوئے نیاز اللہ نیازی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف والوں پر ہر مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا جا رہا ہے۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار کارکنوں میں ایک کم عمر لڑکا بھی شامل ہے، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ کیس ریکارڈ میں جوان بتایا گیا ہے، یہ آپ دیکھ لیجیے گا۔
بعد ازاں عدالت نے 19 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔