مظفر آباد(اُمت نیوز)وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر ماحولیاتی تبدیلوں اور قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔
چوہدری انوار الحق نے یہ بات 8 اکتوبر 2005ء کو کشمیر میں آئے ہولناک زلزلے کے حوالے سے مظفر آباد میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمیں اپنے آپ کو ماحولیاتی تبدیلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلے کو آج 19برس مکمل ہو گئے۔
8 اکتوبر 2005ء کو 7 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے سے آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔
اس زلزلے میں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے اور آبادیاں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی تھیں، ہنستے بستے شہر صرف چند سیکنڈز میں اجڑ گئے تھے۔