اسلام آباد(اُمت نیوز) وفاقی دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جدہ جانے والے مسافر سے ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیاں اور اور تعلیمی اداروں کے اطراف و دیگر علاقوں میں منشیات فروشی اور منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، جس میں مجموعی طور پر 11 کاروائیوں میں 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 37.183 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 4.8 کلو چرس برآمد کرلی گئی، اسی طرح اولڈ شجاع آباد روڈ ملتان پر یونیورسٹی کے قریب سے ملزم سے 500 گرام آئس برآمد ہوئی، دوسری جانب فیصل آباد میں یونیورسٹی کے قریب 667 گرام افیون اور 1.128 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پنڈی روڑ کوہاٹ پر واقع کالج کے قریب ملزم سے 310 گرام چرس برآمد ہوئی۔ کھنہ پل ایکسپریس وے اسلام آباد سے افغان باشندے سے 150 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ کراچی میں اعظم بستی قیوم آباد کے قریب 2 ملزمان سے 600 گرام چرس برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
دریں اثنا اے این ایف نے اسلام آباد ائرپورٹ سے جدہ جانے والے مسافر سے 478 گرام 60 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلیے۔ ایک دوسری کارروائی میں ایبٹ آباد میں واقع کوریئر آفس میں پارسل سے زنانہ جوتوں سے 700 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔
اسی طرح سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب 16.8 کلو چرس اور 4.8 کلو افیون برآمد کرکے 2 ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح کشروٹ روڈ گلگت پر گاڑی سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
گرفتار تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔