لبنان سے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی

 

کراچی (اُمت نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز شام سے71 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچ گئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق پرواز میں موجود 67 پاکستانی لبنان سے بذریعہ سڑک دمشق پہنچے جبکہ شام سے 4 دیگر پاکستانی بھی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے ہیں۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور صوبائی وزیر جام اکرام اللّٰہ دھاریجو نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ حکومت نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی ممکن بنائی، لبنان میں پھنسے باقی پاکستانیوں کو بھی جلد واپس لے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتخانوں کے بروقت اقدام نے پاکستانیوں کی فوری واپسی میں کردار ادا کیا، شکر ہے 71 پاکستانی جنگ زدہ لبنان سے بحفاظت واپس آئے ہیں۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ لبنان کے شہریوں کے لیے بھی فکرمند ہوں جو اسرائیلی بمباری کا شکار ہیں، اسرائیل نے جنگ فلسطین سے لبنان تک پھیلا دی مگر دنیا خاموش ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ مسلم ممالک اسرائیل کے خلاف یک آواز ہوں تاکہ لبنان پر مسلط جنگ رُکے۔

وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کراچی ائیر پورٹ پر گفتگو میں کہا کہ بہت مشکل مرحلہ تھا، وزارت خارجہ نے مکمل ذمہ داری لی۔

وزیر انڈسٹریز سندھ جام اکرام اللّٰہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ حکومت نے بہترین کردار ادا کیا۔