دہشت گرد عمر المعروف “عمری” کئی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا،فائل فوٹو
دہشت گرد عمر المعروف “عمری” کئی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا،فائل فوٹو

ژوب،ایف سی کی چوکی پر حملہ ناکام،2 دہشت گرد ہلاک،سیکیورٹی اہلکار شہید

ژوب: بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پرحملہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق9 اکتوبر کو صبح دہشت گردوں کے ایک گروہ نے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی ایک چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور اور دوسرا اہم دہشت گرد عمر المعروف “عمری” شامل تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکے، دہشت گرد عمر المعروف “عمری” کئی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا، جن میں حالیہ حملہ ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آرنے مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار جمشید خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔