اسلام آباد(اُمت نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب نے معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں برادر ممالک نے زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کو خطے اور اسلامی دنیا کے خوش حال اور پُرامن مستقبل کی تعمیر کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی اور آزمودہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے خواہش کا اظہار کیا کہ ان تعلقات کو طویل المدتی اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔
صدرِ مملکت نے پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یک جہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِ اعظم محمد بن سلمان آل سعود کی بصیرت افروز قیادت کی تعریف کی۔
آصف زرداری نے سعودی عرب کی ویژن 2030ء کے تحت شاندار ترقی کو بھی سراہا اور سعودی عرب کا ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوش حالی ہمارے لیے باعثِ مسرت اور فخر ہے۔
سعودی وزیرِ سرمایہ کاری نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے تعمیری انفرااسٹرکچر اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی وفد مختلف شعبوں میں 25 معاہدوں پر دستخط کرے گا، ان معاہدوں سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔