بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، فائل فوٹو
بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، فائل فوٹو

حکومت نے بجلی 10 روپے فی یونٹ تک لانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ ہم اگلے 8 سے 10 ماہ میں بجلی کی قیمت کو 10 روپے فی یونٹ تک لانے کے لیے کام کررہے ہیں، 5 آئی پی پیز کے ساتھ پرانے معاہدے ختم ہونے سے 411 ارب روپے کی بچت ہوئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی لانا چاہتی ہے، اور یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ہم بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہے ہیں، بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ باہمی مشاورت کرکے قیمتیں نیچے لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں 5 آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا اور معاہدوں کا جائزہ لیا، جس کے بعد ہم باہمی مشاورت سےایک نکتے پر متفق ہوگئے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ ہم نے انہونی کو ہونی کر دکھایا، اب ہم دوسرے آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کریں گے۔توانائی کے شعبے میں مزید اصلاحات کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سردیوں میں بجلی کے استعمال کو بڑھانے کے لیے ایک پروگرام لے کر آنے کا سوچ رہے ہیں، بہتر گورننس اور پالیسیوں کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ جس طرح سے شیئر خریدے جاتے ہیں اسی طرح اب بجلی خریدی جاسکے گی، ایک ایسا ادارہ قائم ہونے جارہا ہے جس کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بجلی کی خریدو فروخت کا آزادانہ ماحول پیدا کررہے ہیں، اب بجلی خریدار صرف سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مرہون منت نہیں رہیں گے۔

اویس لغاری نے کہا کہ 5 آئی پی پیز کے 71 ارب روپے واجب الادا ہیں جو ادا کرنے ہیں، لیکن ان کے ساتھ طے ہوگیا ہے کہ مستقبل میں کپیسٹی پیمنٹس نہیں ملیں گے۔