لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بار پھر نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، عاقب جاوید، اظہرعلی اور علیم ڈار کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرلیا گیا۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور محمد یوسف کے سلیکٹرز سے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا تھا۔تاہم اب پی سی بی نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا، نئی قومی سلیکشن کمیٹی میں سابق بولنگ کوچ عاقب جاوید، سابق کپتان اظہرعلی اورآئی سی سی کے سابق ایلیٹ امپائر علیم ڈار کو رکھا گیا ہے۔
اسد شفیق سلیکشن کمیٹی میں برقرار رہیں گے جبکہ حسن چیمہ ڈیٹا اینالسٹ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔قومی سلیکشن کمیٹی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے ہیڈ کوچ اور کپتان سے مشاورت کے بعد قومی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔نئی سلیکشن کمیٹی نئے ٹیسٹ کپتان کے حوالے سے بھی اپنی سفارشات تیار کرکے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو پیش کرے گی۔