بھارت: چنئی میں ٹرین حادثہ، کئی بوگیاں الٹ گئیں

بھارت(اُمت نیوز)انڈیا کے شہر چنئی میں جمعہ کی رات ایک مسافر ٹرین کھڑی مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں مسافر ٹرین کی 13 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ٹرین حادثے میں اب تک 19 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

اس کے علاوہ اس حادثے میں ایک ڈبے میں بھی آگ لگ گئی۔ مسافر ٹرین میسور سے دربھنگہ کی طرف جارہی تھی۔ اس واقعے پر تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے سٹالن نے ایک ٹویٹ میں لکھا، ’حکومت امدادی کام تیزی سے کام کر رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ گھر واپس آنے والے دیگر مسافروں کے لیے کھانے اور سفری سہولیات کا بندوبست کرنے کے لیے ایک الگ ٹیم کام کر رہی ہے۔ میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔

ایک مسافر نے بتایا کہ ’ہم ٹرین میں تھے کہ اچانک آواز آئی جب ہم نے ٹرین سے باہر دیکھا تو بوگیاں الٹ گئیں۔ باہر نکل کر دیکھا کہ کمپارٹمنٹ میں بھی آگ لگی ہوئی تھی۔

سدرن ریلوے کے جنرل منیجر آر این سنگھ نے کہا، ’ٹرین کا سٹیشن پر کوئی سٹاپ نہیں تھا، اس ٹرین کو چنئی سے نکلنے کے بعد گرین سگنل دیا گیا تھا۔ ڈرائیور نے بھی درست طریقے سے سگنل پر عمل کیا لیکن ٹرین کو مین لائن سے گزرنا تھا لیکن وہ لوپ لائن پر چلی گئی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

مسافروں کو متبادل ٹرینوں کے ذریعے ان کی منزل پر پہنچا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حادثے کی وجہ سے کچھ ٹرینوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا ہے۔