مردان میڈیکل کمپلکس اسپتال میں ڈائریکٹر کی تعیناتی میں مبینہ بےضابطگی

مردان(اُمت نیوز)مردان میڈیکل کمپلکس اسپتال میں ڈائریکٹر کی تعیناتی میں مبینہ بےضابطگیوں پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دیں۔

معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن خیبر پختون خوا مصدق عباسی کا کہنا ہے کہ اسپتال ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات شخص کو ایک سرکاری ادارے سے برطرف کیا گیا تھا۔

مصدق عباسی نے بتایا کہ متعلقہ سرکاری ادارے سے برطرف شخص کسی بھی محکمے میں تعینات نہیں ہو سکتا۔

چیئرمین بورڈ آف گورنرز مردان ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ ارشد جاوید نے نجی ٹی وی سےگفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں علم نہیں تھا کہ متعلقہ ڈائریکٹر کو سرکاری ادارے سے برطرف کیا گیا۔

ارشد جاوید کا کہنا ہے کہ بےضابطگی ہوئی تو انکوائری کرنا اچھی بات ہے، اگر واقعی ڈائریکٹر کی تعیناتی میں بےضابطگی ہوئی ہے تو ایکشن لیں گے۔