اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑھ کر نہیں، تحریک انصاف کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے انہیں احتجاج کرنا ہے تو اپنے گھروں میں بیٹھ کر کریں۔
یہ بات انہوں ںے میڈیا سہولت سینٹر کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے وزیراعظم نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، اس کے بعد سعودیہ عرب کے اعلیٰ سطح وفد نے پاکستان کا دورہ کیا اور اب چین کے وزیراعظم آج پاکستان آئے ہیں جس کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہونے والا ہے، ماضی میں پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا لیکن ان سب باتوں سے ظاہر ہے کہ پاکستان اب تنہائی کا شکار نہیں رہا۔
انہوں ںے کہا کہ پاکستانی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ہے، معیشت بہتر جب کہ مہنگائی اور شرح سود میں کمی آرہی ہے، پاکستان خطے میں ایک اہم کردار ادا کررہا ہے ہمارا ملک اب دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، ایس سی او کانفرنس سے ملک میں سرمایہ کاری آٗے گی اور یہاں آنے والے مہمان اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔
صحافیوں سے سوالات پر انہوں ںے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے پاکستان میں انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہمارا وژن ہے ہم اپنی ثقافت اور امن پسندی کی سوچ کو اجاگر کریں ایک طرف انا پرستی اور ایک طرف حب الوطنی ہے، کوئی سیاسی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں، تحریک انصاف کی کال غیر سنجیدگی کا مظاہرہ ہے، یہ آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، انہیں خود اپنی سمجھ نہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، انہوں نے احتجاج کرنا ہے تو اپنے گھروں میں بیٹھ کر کریں۔